ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مشرقی شام میں فضائی حملے میں 30شہری جاں بحق،نامعلوم جنگی طیاروں کی داعش کے زیرانتظام علاقے میں کارروائی

مشرقی شام میں فضائی حملے میں 30شہری جاں بحق،نامعلوم جنگی طیاروں کی داعش کے زیرانتظام علاقے میں کارروائی

Thu, 29 Jun 2017 16:06:05    S.O. News Service

بیروت،29جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)شام میں جاری جنگ کی صورت حال پرنظر رکھنے والے ادارے رصد گاہ برائے انسانی حقوق نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ بدھ کے روز نامعلوم جنگی طیاروں نے مشرقی شام میں داعش کے زیر انتظام علاقے میں بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 30عام شہری جاں بحق اور دسیوں زخمی ہو گئے۔آبزر ویٹری فار ہیومن رائیٹس کا کہنا ہے کہ مشرقی شام میں عام شہریوں کے قتل عام کا سبب بننے والے جنگی طیاروں کی شناخت نہیں کی جاسکی۔

خال رہے کہ مشرقی شام میں وادی فرات اور اس کے اطراف میں داعش کے خلاف کارروائی میں امریکا کی قیادت میں سرگرم عالمی اتحاد اور روس اور شامی فوج بھی سرگرم ہیں۔قبل ازیں منگل کو انسانی حقوق گروپ نے بتایا تھا کہ المیادین کے مقام پر داعش کی قائم کردہ جیل پر بمباری میں کم سے کم 57قیدی ہلاک ہوگئے تھے۔

امریکا کی قیادت میں قائم اتحادی فوج کا کہنا ہے کہ المیادین میں وہ مخصوص اہداف پر نہایت احتیاط کے ساتھ حملے کررہے ہیں۔ المیادین میں دبلان کے مقام پر گذشتہ روز ہونے والے حملے کے بارے میں اتحادی فوج کی طرف سے کوئی ردعمل ظاہرنہیں کیا گیا۔اتحادی فوج کی حمایت یافتہ کرد اور عرب جنگجوؤں پر مشتمل فورسز نے دبلان سے 200کلو میٹر شمال مغرب میں واقع الرقہ شہر کا محاصرہ کررکھا ہے۔دوسری طرف شمال مشرقی دبلان سے 65کلو میٹر دور شامی فوج اور اس کے اتحادی صحراء کی طرف پیش قدمی کررہے ہیں جس کا مقصد دیر الزور شہر کا محاصرہ ختم کرانا ہے۔ امریکا کے ایک انٹیلی جنس عہدیدار نے بتایا کہ داعش نے اپنی لیڈر شپ المیادین منتقل کردی ہے۔


Share: